Khushk Jild Par Makeup Zaroor Karain Magar - Article No. 1542

Khushk Jild Par Makeup Zaroor Karain Magar

خشک جلد پر میک اپ ضرور کریں مگر - تحریر نمبر 1542

منگل 6 دسمبر 2016

زارا مصطفی :
موسم سرما کی خشک سرد ہواؤں کے ساتھ جہاں پہننے اوڑھنے کے انداز اور کھانے پینے کی عادات تبدیل ہوتی ہیں ، وہیں جلد کو بھی خاص نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ جیسے کہ خشک اور روکھی جلد کی شگفتگی اور نرمی کوبرقرار رکھنے کے لئے موئسچرائزر بے رنگ اور بے خوشبوہوتو زیادہ اچھا ہے ۔ یہ بھی خیال رہے کہ موئسچرائزر میں چکنائی کی خوبیاں موجود ہوں یعنی یہ آئل بیسڈ ہونہ کہ واٹر بیسڈ ․․․․․ خشک جلد کی وجہ سے عموماََ موسم سرما میں میک اپ کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے ایسی جلد پراگربیس مہارت سے نہ لگائی جائے تو کچھ دیر کے بعد ہی وہ پھٹ جاتے ہیں اور بہت بدنما تاثر دیتی ہے۔
موسم سرما میں جلد کی حفاظت کے لئے بہتر ہے کہ چائے اور کافی کا استعمال کم سے کم کریں اور صابن کی بجائے خشک جلدکے لئے خصوصی فیس واش، ہینڈ واش اور باڈی واش ہی استعمال کریں۔

(جاری ہے)

اسی طرح جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لئے موسمی پھل کھایں یاکم ازکم ان کارس ضرور پئیں ۔ میک اپ سے پہلے اگر جلد نرم اور ملائم ہوگی تو میک اپ بھی دیر تک برقرار رہ سکے گا۔


دہی کااستعمال :
خشک جلد سے نجات کے لئے دہی بہت مفید ہے کیونکہ یہ جلد کونمی پہنچاتا ہے اور اس میں اینٹی آکسیڈینٹس کی خوبیاں بھی موجود ہوتی ہیں۔ تازہ دہی چہرے اور ہاتھوں پر لگاکر دس منٹ ہلکے ہاتھوں سے مساج کرنے کے بعد سادہ پانی سے دھولیں ۔ روزانہ ایک مرتبہ عمل دوہرائیں ۔
ڈیڑھ کپ دہی میں تین کھانے کے چمچ میش کیاہوا پپیتا ڈال کر پھینٹیں، پھر اس میں چند قطرے لیموں کا رس اور شہد ملا کر پیسٹ بنالیں۔
اسے چہرے اور ہاتھوں پر دس منٹ تک لگارہنے دیں اور پھر سادہ پانی سے دھولیں ۔
زیتون ، قدرتی موئسچرائزر :
زیتون کا تیل خشک جلد پر قدرتی موئسچرائزر کاکام دیتا ہے ۔ آپ چاہیں تو نہانے سے کچھ دیر پہلے چند قطرے زیتون کے تیل سے جسم پر ہلکا ہلکا مساج کرلیں اور ہلکے نیم گرم پانی سے نہانے کے بعد موئسچرائزر لگالیں ۔
دوکھانے کے چمچ زیتون کاتیل ، چار کھانے کے چمچ شکر اور ایک کھانے کا چمچ شہد ملا کر سکرب تیار کرلیں اور چند منٹ تک چہرے اور گردن پر لگا کر ہلکا ہلکا مساج کریں۔
چہرہ دھونے کے بعد ہلکا ساموئسچرائزر لگانا نہ بھولیں ۔
ایک انڈے کی زردی میں چند قطرے زیتون کا تیل ملا کر دس منٹ تک جلد پرلگائیں۔
شہد کے کرشمے :
تھوڑے سے دودھ میں دوکھانے کے چمچ شہد ملانے کے بعد چہرے، گردن اور ہاتھوں پر لگاکر 5سے 10 منٹ تک مساج کریں ، پھر دو منٹ تک چھوڑدیں اور نیم گرم پانی سے دھو کر موئسچرائزر لگالیں ۔

جئی کا آٹا یعنی دلیا، ایک انڈے کی زردی اورشہد برابر مقدار میں اچھی طرح آپس میں ملالیں اور چند منٹوں تک جلد پر لگارہنے دیں ، پھر نیم گرم پانی سے دھو کر صاف کرلیں ۔
ایک کھانے کا چمچ زیتون کاتیل اور دوکھانے کاچمچ تازہ کریم ، ایک کھانے کا چمچ شہد، 15 قطرے مالٹے کارس اور ایک کھانے کاچمچ عرق گلاب کواچھی طرح ملانے کے بعد چہرے اور گردن پر لگالیں اور دس منٹ بعد دھولیں ۔

ایک انڈے کی زردی میں ایک چائے کاچمچ بادام کا تیل اورآدھا چائے کا چمچ شہد ملا کر چہرے پر لگائیں۔
لیموں بہترین ٹانک :
100گرام گلیسرین 20 گرام ملائی میں 4لیموں نچوڑ کر اچھی طرح یکجان کرکے پورے جسم پر لگالیں اور پندرہ سے بیس منٹ بعد نہالیں ۔
ایک کھانے کا چمچ پاؤڈر ملک ، ایک کھانے کاچمچ لیموں کا رس ، ایک کھانے کا چمچ شہد اور دو قطرے اسنیشل آئل کوملا کر چہرے پرلگائیں اور20منٹ بعدنیم گرم پانی سے دھوکر صاف کرلیں ۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Khushk Jild Par Makeup Zaroor Karain Magar" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.