Gharo K Liye Cheezo K Intkhab K Assol - Article No. 1651

Gharo K Liye Cheezo K Intkhab K Assol

گھروں کے لیے چیزوں کے انتخاب کے اصول - تحریر نمبر 1651

اگر کمرے میں سب چیزیں ہلکے رنگ کی ہیں تو قالین یا دری کی مدد سے کچھ رنگینی پیدا کی جاسکتی ہیں اس کے برعکس اگر موجود چیزوں میں شوخ رنگ اور نمونے موجود ہیں تو ہلکے رنگ اور نمونے کا قالین بہتر ثابت ہوگا

منگل 31 اکتوبر 2017

گھروں کے لیے چیزوں کے انتخاب کے اصول:
یوں تو قیمت اور پائداری کو مدنظر رکھ کر قالین دری یا چٹائی وغیرہ کا انتخاب کیا جاتا ہے لیکن آرائش کے نقطہ نظر سے فرشی اشیا کے رنگ اور خاص نمونے کی طرف توجہ لازمی ہے۔دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ جس جگہ کے لیے فرشی اشیاء خریدی جارہی ہیں وہاں پہلے سے کیا کچھ موجود ہے،موجود چیزوں کے رنگ اور نمونے میں کسی حد تک یگانگت و یکسوئی ہے اور فرشی اشیاء کی مدد سے کس قسم کی کیفیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے مثال کے طور پر اگر کمرے میں سب چیزیں ہلکے رنگ کی ہیں تو قالین یا دری کی مدد سے کچھ رنگینی پیدا کی جاسکتی ہیں اس کے برعکس اگر موجود چیزوں میں شوخ رنگ اور نمونے موجود ہیں تو ہلکے رنگ اور نمونے کا قالین بہتر ثابت ہوگا کمرے کی آرائش میں اگر روایتی رنگ زیادہ نمایاں ہے تو وہاں ماڈرن نمونے کا قالین بے جوڑ معلوم ہوگا۔

(جاری ہے)

اگر کسی کمرے کو نئے سرے سے سجایا جارہا ہو تو وہاں کے لیے قالین کا انتخاب نسبتاً آسان ہے چنانچہ یوں بھی ہوسکتا ہے کہ پہلے قالین خریدکر اس کے رنگ یا رنگوں کی مطابقت سے دوسری چیزوں کا چناؤ کیا جائے،چھوٹے کمروں میں ہلکے رنگ کے سادہ قالین زیادہ بھلے معلوم ہوتے ہیں۔ گہرے رنگ کے قالین سے جگہ زیادہ گھری ہوئی معلوم ہوتی ہیں دوسرے موسم گرما میں گہرے شوخ رنگ بھلے نہیں معلوم ہوتے بھاری نمونے اور پھولدار قالین سے بھی جگہ گھر سی جاتی ہیں اس لیے نمونے کے قالین کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے خاص طور پر جدید نمونے کے قالین کے انتخاب میں اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ نمونے اور رنگ کس قسم کی کیفیت ابھرتی ہے۔
قالین کے رنگ اور نمونے کی مدد سے فرنیچر اور دوسری اشیاء میں توازن اور تسلسل کی کمی پوری کی جاسکتی ہیں۔فرشی اشیاء کی پائداری کا انحصار کئی چیزوں پر ہوتا ہے مثلاً اشیائے بناوٹ یعنی اون سوت سے زیادہ پائدار ہوتی ہیں دوسرے نمبر پر بناوٹ کا طریقہ آتا ہے،ہاتھ سے بنایا ہوا قالین اور دری مشین پر بنائے قالین اور دری سے زیادہ پائدار ہوتے ہیں اس کے علاوہ احتیاط اور دیکھ بھال سے فرشی اشیاء کی پائداری میں اضافہ ہوتا ہے ،فرشی اشیاء پر چکنے داغ دھبے لگنے سے بچاؤ کرنا چاہیے باقاعدہ صفائی سے گردوغبار دور کرتے رہنا چاہیے ورنہ گرد کی رگڑ سے ایک تو رنگ خراب ہوجاتا ہے دوسرے ریشہ بھی کمزور پڑجاتے ہے۔
جس فرش پر قالین دری استعمال کی جارہی ہو اس کی نمی اور دیمک وغیرہ سے پاک رکھیں،قالین کے نیچے بچھانے کے لیے ایک خاص قسم کے گدے دستیاب ہیں اگر استطاعت ہو تو یہ ضرور استعمال کرنے چاہیں کیونکہ ایک تو ان کو بچھانے سے قالین کا مخملی پن بڑھ جاتا ہے دوسرے قالین زیادہ محفوظ رہتا ہے۔قالین پر رکھے ہوئے فرنیچر کو اس پر گھسیٹنے اور کھسکانے سے پرہیز کرنا چاہیے فرنیچر کے پایوں کے نیچے ٹیک رکھ دی جائے تو قالین پر پائے کے نشان نہیں پڑتے۔
قالین پر نوکدار ایڑی کے جوتے پہن کر چلنے سے بچنا چاہیے تحقیق سے پتا چلا ہے کہ فرشی اشیاء کو سب سے زیادہ نقصان پتلی نوکیلی ایڑی سے پہنچتا ہے،فرشی اشیاء مہنگی ہوتی ہیں ان کی خریداری کے وقت سوجھ بوجھ سے ان کا چناؤ کرنا چاہیے اور دیکھ بھال کی طرف خاص توجہ دینی چاہیے۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Gharo K Liye Cheezo K Intkhab K Assol" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.