Dahi Jild Aur Balon K Liay Nahayat Mufeed - Article No. 1483

Dahi Jild Aur Balon K Liay Nahayat Mufeed

دہی جلد اور بالوں کیلئے نہایت مفید - تحریر نمبر 1483

دہی لیلٹک ایسڈ کی خصوصیات پر مشتمل ہوتا ہے جوجلد کوقبل ازوقت بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مددگاری معاون کاکردار ادا کرسکتا ہے۔

منگل 14 جون 2016

دہی لیلٹک ایسڈ کی خصوصیات پر مشتمل ہوتا ہے جوجلد کوقبل ازوقت بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مددگاری معاون کاکردار ادا کرسکتا ہے
دہی میں موجود موئسچرائزنگ خصوصیت صرف جلد ہی کو نمی فراہم کرنے کے پابندنہیں بلکہ دہی خشک وپژ مردہ بالوں کے لیے بھی قدرتی وبہترین کنڈیشنرکاکردار اداکرتا ہے
سنیہ انیس:
دہی ایک نہایت بہترین اور صحت بخش غذا ہے اور ہمارے روز مرہ کے تقریباََ تمام ہی کھانوں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔
دہی کے رائتے کے بغیر تو دسترخوان ہی ادھوراسالگتا ہے۔ دہی میں ہماری صحت وتندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری وٹامنز کی خصوصیات کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔ کریمی سفید رنگت کا حامل دہی نہ صرف جسمانی صحت کے لیے مفید فائدہ مند ہے بلکہ اس میں موجود قدرتی صحت بخش اجزاء کی خصوصایت جلد کو صحت مند اور بالوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں بڑی مقدار میں (لیلٹک ایسڈ) کی خوبی موجود ہوتی ہے جو جلد اور بالوں کی نگہداشت وحفاظت کے لیے بہت کارآمد ہے۔ دہی کااستعمال پرانے وقتوں کے دور سے کیاجارہاہے اور خواتین ایکنی ودانوں سے نجات پانے کے لیے اس کااستعمال کیاکرتی تھیں۔ یہاں تک کہ قدیم مصر کی حسین قلوپطراپنی جلد کو حسین وجواں لک دینے اور تروتازگی عطاکرنے کے لیے دہی سے غسل کرنے کے حوالے مشہور ہے۔

دہی کے جلد کے لیے حیرت انگیز فوائد:
جلد پرقدرتی نمی اور چمک پیداکرتا ہے:
دہی کی مدد سے آپ تھکی ہوئی پژمردگی کی شکار اور گہری رنگت کی حامل جلد کودوبارہ درستگی کی جانب لاسکتی ہیں اور اس میں قدرتی دلکشی ونکھار پیداکرسکتی ہیں۔ ایک پیالے میں گاڑھادہی لیں۔ اس کوہلکے سے نم چہرے پرنہایت ملائمت کے ساتھ اپلائی کرکے آہستگی سے مساج کریں اور 10-15منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔
اس کے بعد نل کے سادے پانی سے چہرہ دھوکر صاف کرلیں دہی میں موجودلیکٹک ایسڈ قدرتی ہائیڈرو آکسائل ایسڈ ہے جوجلد کونمی اور ہمواریت فراہم کرنے اور ایکسفولیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اپنی جلد کوقدرتی چمک اور نکھار عطاکرنے کیلئے آپ ہوم میڈفیس پیک دہی کی مدد سے تیار کرکے استعمال کرسکتی ہیں۔ بھیگی ہوئی مسور کی دال‘سنگترے کے خشک چھلکے اور دہی کوگرائنڈر میں ڈال کرپیس لیں اور اس کو اپنے چہرے پر 20-25منٹ تک لگاکر چھوڑدیں جب ماسک ہلکا ہلکا خشک ہوجائے تو نہایت آہستگی سے چہرے کاانگلیوں کوگول دائرے میں حرکت دیتے ہوئے مساج کرلیں اور چہرہ دھولیں۔
آپ اپنے چہرے کی رنگت میں نکھار محسوس کریں گی اور آپ کی جلد پرشادابی اورتازگی آجائے گی اگر آپ کی جلد خشک ہے تو آپ اس میں شہد بھی شامل کرسکتی ہیں۔ شہد آپ کی جلد کو ضروری موئسچراور ملائمت فراہم کرتا ہے۔
جلد پر سے مردہ خلیات کو صاف کرتا ہے:
دہی میں جلد کو نمی پہنچانے کی صلاحیت بھرپور انداز میں موجود ہوتی ہے اور جلد کے لیے نہایت بہترین ہائیڈریٹنگ اسکرب ثابت ہوتا ہے۔
دہی حساس اور خشک جلد کی حامل خواتین کوتروتازہ شگفتہ احساس دینے کے لیے بھی انتہائی مفیدکارآمد ہے۔
قدرتی اور کیمیائی اجزاء سے پاک ہوم میڈاسکرب تیار کرکے اپنی جلدکو خوبصورتی ورونق عطاکرسکتی ہیں
کھانے کے چمچے دہی میں 1کھانے کاچمچہ جئی کا دلیہ مکس کرکے چہرے پراپلائی کرلیں اور اس سے اپنے چہرے کاگول دائرے میں مساج کریں۔ آپ کی جلد نرم وملائم اور صاف ستھری ہوجائے گی۔

اگر آپ بلیک ہیڈز اور وائیٹ ہیڈز کی پریشانی سے دو چارہیں تو دہی میں پسے ہوئے چاول مکس کرکے گاڑھا پیسٹ چہرے پرلگاکر مساج کرلیں اور اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوکر ٹشوپیپر سے خشک کرلیں۔
ایکنی وپمپلز سے نجات دلاتا ہے:
آپ دہی کو اپنی روزمرہ کی ڈائیٹ میں شامل کرکے یااس سے فیس پیک بناکر ایکنی کاعلاج کرسکتی ہیں۔ دہی میں موجود ایسڈک خصوصات کی وجہ سے یہ متعدد ایکنی پیداکرنے والے بیکٹیریا فنگس اور جراثیموں کاجسم سے قلع قمع کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے ایکنی وپمپلز کی پریشانی سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ روزانہ دہی چہرے پراپلائی کرسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ دہی میں ہلدی، چینی اور صندل پاؤڈرمکس کرکے چہرے پرلگا کر چھوڑ دیں اور 15منٹ بعد چہرہ دھولیں کچھ ہی دنوں میں آپ اپنے چہرے کی رنگت میں بھی واضح فرق محسوس کریں گی۔
داغ دھبے سن برن اور سیاحلقوں کوکم کرتا ہے:
اگر آپ کی جلد پر کسی کیڑے مکوڑے کے کاٹنے یادانے وغیرہ کانشان ہوتو دہی کو پانی میں ملاکر متاثرہ حصے پر اپلائی کرلیں۔
یہ نہ صرف آپ کی جلد ٹھنڈک پہنچائے گابلکہ نشان کوکم کرکے رنگت نکھارنے میں مدد کرے گا۔ دہی بڑی تعداد میں زنک کی خصوصیات پر مشتمل ہوتا ہے۔ جو جلد پر داغ دھبوں نشانات کوختم کرنے اور ایکنی کے باعث پیداہونے والی سرخی سے بچاتا ہے۔
روزانہ سورج کی تمازت کاسامنا کرنے سے جلد جھلس جاتی ہے۔ اس مشکل سے نجات پانے کے لیے آپ بیسن‘ دہی اور لیموں کے رس کافیس پیک تیار کرکے متاثرہ حصہ پراپلائی کرسکتی ہیں۔
آپ اس میں کیمومائل ایزنشل آئل کے چند قطرے بھی شامل کرسکتی ہیں۔
آنکھوں کے گردسیاہ حلقے بہت بدنما تاثر پیش کرتے ہیں۔ آپ انہیں ہلکا کرنے کے لیے اپنی آنکھوں کے گرد جلد پر 15منٹ کے لیے دہی اپلائی کرکے آرام سے لیٹ جائیں۔ آپ ہفتے بھر میں خاطر خواہ فرق محسوس کریں گی۔
عمر رسیدگی کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے:
دہی میں حیرت انگیزطور پر فری ریڈیکلزکوکنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے اور یہ عمر رسیدگی کے اثرات سے بچاؤ کی خصوصیات پر بھی مشتمل ہوتا ہے۔
جو جلد پر باریک ومہین لکیروں اور جھریوں کو نمودار ہونے سے روکتا ہے۔ دہی میں موجود لیکٹک ایسڈ قبل ازوقت جلد کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
جلد کو جھریوں سے دورجوان اور چمکدار انداز عطاکرنے کیلئے آپ ایک نہایت پر اثر فیس پیک تیار کرسکتی ہیں۔ 1چمچہ زیتون کا تیل اور 3چمچے دہی کومکس کرکے 30منٹ تک چہرے پرلگاکر چھوڑ دیں۔
یہ فیس پیک آپ ہفتے میں 3دفعہ ضرور استعمال کریں۔ آپ اپنی جلد کی ملائمت اور تازگی کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گی۔
دہی کے بالوں کیلئے حیرت انگیز فوائد:
صرف جلد کو نمی فراہم کرنے کی پابند نہیں ہے بلکہ خشک ویژمردہ بالوں کے لیے قدرتی وبہترین کنڈیشنر کا کردار ادا کرتا ہے اوربالوں کی کھوئی ہوئی رونق اور نمی کوبحال کرنے میں معاونت کرتا ہے۔
دہی میں پروٹین وافرمقدار میں موجود ہوتا ہے۔ جو کہ بالوں کی نشوونما کرنے اور ان کو غذائیت فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
1/2کپ دہی کو اچھی طرح پھینٹ کرہموار کرلیں۔ اب اس کو اپنے پورے بالوں میں جڑوں سے سروں تک لگا کر 1/2 گھنٹے تولیہ لپیٹ کرچھوڑدیں۔ اس کے بعداپنے روز مرہ کے استعمال کے شیمپو سے سر دھولیں۔ آپ کے بال چمکدار اور ریشم کی طرح نرم وملائم ہوجائیں گے۔

کرلی اور بکھرے بالوں کو سیٹ کرنے کے لیے دہی کااستعمال کیاجاسکتا ہے۔ ایک پیالی میں 3کھانے کے چمچے دہی 2کھانے کے چمچے کھوپرے کاتیل اور 4کھانے کے چمچے ایلویراجیل کے مکس کرکے بالوں پر اچھی طرح لگاکر چھوڑدیں دیں 30منٹ پانی سے دھو کر مائلڈشیمپو سے بالوں کو دھوکرصاف کرلیں۔
بالوں کے روکھے پن کو دورکرنے کے لیے بھی دہی بہترین کنڈیشنر کے طور پر کام کرتا ہے۔
آدھے کپ دہی میں 2کھانے کے چمچے بادام کا تیل اور 2پھینٹے کرلیں اور اپنے بالوں پرلگالیں۔ یہ عمل آپ کے بالوں کو غذائیت فراہم کرنے کیساتھ اس کو نئی جان اور نمی عطا کرنے میں مددکرے گا۔
دومونہے اور گرتے بالوں سے نجات دلاتا ہے:
دومونہے بالوں کو پریشانی بالوں میں غذائیت کی کمی اور غیر صحت بخش لائف اسٹائل کی نشاندہی کرتی ہے۔ بہت زیادہ ڈرائیراسٹریٹنر کااستعمال اور دھوپ کی شدت کاسامنا کرنے سے بال دومونہے ہوجاتے ہیں۔
اس پریشانی سے نجات حاصل کرنے کے لیے آپ دہی اور پپیتے کاپیک بناکر اس سے استغفادہ حاصل کرسکتی ہیں 250گرام پپیتے کے گودے کو میش کرکے 1/2 کپ دہی میں مکس کرکے ہموار سا پیسٹ بنالیں۔ اب اس مکسچر کواپنے بالوں پر 60منٹ تک لگا کرچھوڑدیں اور بالوں کو شیمپو سے دھو کر صاف کرلیں۔
اگر آپ کے بال گررہے ہیں تو آپ دہی اور میتھی دانہ کو پیس کر سرکی جلد اوربالوں پر لگالیں اور 45منٹ بعدبالوں کو دھوکرخشک کرلیں اس عمل کو آپ 15دن میں دوباردہراسکتی ہیں اس سے آپ کے بال مضبوط ہوجائیں گے اور بال گرنے کامسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

خشکی وسکری کودور کرتاہے: س
دہی میں اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ جوبالوں کی بہترسن انداز میں نشوونما کرنے کے ساتھ سرکی جلد سے خشکی وسکری کا خاتمہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ دہی کے اینٹی بیکٹیریل فائدے کی وجہ سے یہ سرکی جلد میں ہونے والی خارش وکھجلی سے نجات دلاتا ہے اورراحت پہنچاتا ہے۔
سرکی جلد کا دہی سے 15منٹ تک مساج کریں۔
اس کے بعد نل کے پانی سے سردھولیں۔ سدہی کی لیکٹک ایسڈ کی خصوصیات سر کی جلد اور بالوں کو موئسچرائزرکھنے اور مردہ خلیات کو صاف کرنے میں مدد کرتی ہیں جبکہ اس عمل سے خشکی کم ہوجاتی اور بالوں کی رونق وچمک اور صحت بحال ہوجاتی ہے۔
بالوں کی حفاظت اور بالوں کے مسائل کاعلاج کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے کیونکہ وہاں سے آپ کی مکمل شخصیت اثرانداز ہوتی ہے۔ بالوں کو خواتین کے لیے قدرتی وحسین سرکاتاج بھی کہاجاتا ہے۔ لہٰذا خواتین بالوں کابہت خیال رکھیں ا ور کیمیائی اجزاء سے پاک گھریلو قدرتی اشیاء سے استفادہ اٹھانے کی کوشش کریں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Dahi Jild Aur Balon K Liay Nahayat Mufeed" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.