Dahi Se Jild Shadab Baal Khubsoorat - Article No. 1579

Dahi Se Jild Shadab Baal Khubsoorat

دہی سے جِلد شاداب،بال خوب صورت - تحریر نمبر 1579

دہی ساری دنیا میں مشہورومقبول ہے اور رغبت سے کھایا جاتا ہے۔یہ دودھ کواُبال کر اور جما کر بنایا جاتا ہے۔اس کے بہت سے فوائد اور استعمال ہیں۔بہت سے افراد اسے اصلی حالت میں کھاتے ہیں تو یہ تُرش محسوس ہوتا ہے۔بہت سے دکان دار اسے میٹھابناتے ہیں اور بہت سے اسے پھلوں کے ذائقے کے ساتھ بناتے ہیں۔

ہفتہ 6 مئی 2017

دہی ساری دنیا میں مشہورومقبول ہے اور رغبت سے کھایا جاتا ہے۔یہ دودھ کواُبال کر اور جما کر بنایا جاتا ہے۔اس کے بہت سے فوائد اور استعمال ہیں۔بہت سے افراد اسے اصلی حالت میں کھاتے ہیں تو یہ تُرش محسوس ہوتا ہے۔بہت سے دکان دار اسے میٹھابناتے ہیں اور بہت سے اسے پھلوں کے ذائقے کے ساتھ بناتے ہیں۔دہی کو مختلف غذاؤں کے ساتھ کھانے کے علاوہ اس کی لسی بھی بنائی جاتی ہے۔
لسی کی خاصیت ٹھنڈی اور غذائیت بخش ہوتی ہے۔دہی کا رائتا دوپہر اور رات کے کھانے کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔جب دہی کا رائتا بنایا جاتا ہے تو اس میں ذائقہ پیدا کرنے کے لیے گرم مسالا بھی پیس کر ڈالتے ہیں۔رائتے میں پیاز اور کھیرے کے ٹکرے بھی کاٹ ڈالے جاسکتے ہیں۔گرمی میں یہ رائتا رغبت سے کھایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر آپ دُبلا پتلااور پُھرتیلا بننے کا شوق ہے تو گھنٹوں جمنازیم میں زور آزمائی کرنے کی بجائے پابندی سے دہی کھا کر چھریرے جسم کا مالک بنا جا سکتا ہے۔

دہی میں حیاتین(وٹامنز)،لحمیات(پروٹینز)،کیلشیئم،پوتاشیئم،فاسفورس اور جست ہوتا ہے۔چناں چہ اسے اپنی غذا میں ضرور شامل کیجئے۔
ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے
عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہم کم زور ہوتے جاتے ہیں۔ان کم زوریوں میں سب سے زیادہ خطرناک ہڈیوں کی کم زوری ہے،جو مردوں اور عورتوں دونوں میں ہوتی ہے۔دہی ہڈیوں کی کم زوریاں دور کرنے کے لیے مفید ہے،کیوں کہ اس میں حیاتین (وٹامن ڈی) اور کیلسیئم ہوتا ہے۔
چناں چہ اگر آپ کی ہڈیوں میں سختی اور کھچاؤ یا کم زوری محسوس ہو تو پابندی سے دہی کھایئے۔
بلڈ پریشر کا قابو میں رکھتا ہے
آپ کا بلڈپریشر کم زیادہ ہوتا رہتا ہے اور آپ اس کی سے پریشان رہتے ہیں۔چناں چہ آپ خود کو صحت مند نہیں سمجھتے۔معالجین کہتے ہیں کہ بلڈپریشر کو معمول پر رکھنے کے لیے دہی کھانا بہت مناسب ہے۔نمک زیادہ کھانے سے دل کی بیماریاں پیدا ہوجاتی ہیں،مثلاََ گردے متاثر ہوجاتے ہیں یا بلڈ پریشر بڑھ جاتاہے۔
نمک کی اضافی مقدار جو ہمارے جسم میں ہوتی ہے،اسے ختم کرنے کے لیے پوٹاشیئم کی مناسب مقدار کھانی ضروری ہے۔تقریباََ ۸ اونس دہی سے ہمیں۶۰۰ ملی گرام پوٹاشیئم حاصل ہوجاتا ہے، جس سے درج بالا بیماریاں لاحق نہیں ہوتیں۔
جلد کو خوب صورت بناتا ہے
وہ خواتین جو چہرے کی جلد کو دیدہ زیب رکھنا چاہتی ہیں،وہ مختلف لوشن اور کریمیں لگاتی ہیں،انھیں چاہیے کہ وہ دہی کا ماسک لگائیں۔
اس کی ترکیب یہ ہے کہ چار چمچے دہی میں تین قطرے بادام یا زیتون کا تیل لا لیں۔پھر اس میں ایک چمچہ شہد ملا کر اچھی طرح سے پھینٹ لیں اور اس کے بعد اس آمیزے کو چہرے پر پندرہ منٹ کے لیے لگالیں۔اس کے بعد چہرے کو دھوڈالیں۔چہرہ شاداب ہوجائے گا اور چکناہٹ جاتی رہے گی۔اس کے علاوہ آپ کے چہرے کی جھریاں بھی ختم ہوجائیں گی۔
ہاضمے کو درست رکھتا ہے
دہی کھانے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ کا معدہ درست رہتا ہے۔
دہی میں ایک خاص جزو پایا جاتا ہے،جسے معاون حیوی ( PROBIOTIC) کہتے ہیں۔یہ جزو غذا کو ہضم کرتا ہے اور آپ کو صحت مند رکھتا ہے۔
بھوک کم کرتاہے
واشنگٹن یونی ورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق دہی بھوک کوکم کرتا ہے۔بھوک زیادہ لگنے پر ہم ہر وقت کچھ نہ کچھ کھاتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے وزن بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے۔دہی زیادہ کھانے کی خواہش کو کم کردیتا ہے۔
دہی کھانے سے سستی دور ہوجاتی ہے اور آپ چاق چوبند رہتے ہیں۔
مدافعتی قوت میں اضافہ کرتا ہے
ویانایونی ورسٹی میں ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دہی کھانے سے مدافعتی قوت (IMMUNITY) میں اضافہ ہوجاتا ہے خواتین کے ”ٹی“ نامی خلیات (T-CELLS) کو طاقت دیتا ہے،جو سفید خلیات کی طرح ہوتے۔”ٹی“ خلیات بیماریوں اور تعدیے (انفیکشن)سے مزاحمت کرتے ہیں۔

بالوں کو نرم و ملائم کرتا ہے
دہی بالوں کے لیے بھی مفید ہے۔یہ بالوں کی خشکی اور سر میں ہونے والی چبھن کو دور کرتا ہے۔یہ بالوں کو نرم وملائم اور چمک دار بناتا ہے۔بالوں کے لیے دہی سے آمیزہ بنایا جاتا ہے۔ چار چمچے دہی،ایک چمچہ ناریل کا تیل اور آدھا انڈا ملا کر پھینٹ لیں۔ پھر اسے بالوں پر لگالیں۔تیس منٹ کے بعد سردھوڈالیں۔آپ کے بال نرم وملائم اور چمک دار ہوجائیں گے۔دہی کتنی مفید غذا ہے۔اس کا اندازہ آپ کو اس کے فائدے پڑھ کر ہوچکا ہوگا،لہذا دہی دیکھ کر آپ یہ نہ کہیں کہ میں نہیں کھاتا،بلکہ خوشی خوشی کھا لیجئے۔ اس کی طرف سے منھ موڑنے پر آپ خسارے میں رہیں گے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Dahi Se Jild Shadab Baal Khubsoorat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.