Habs Zada Mausam Main Husn O Dilkashi Ki Hifazat - Article No. 1593

Habs Zada Mausam Main Husn O Dilkashi Ki Hifazat

حبس زدہ موسم میں حسن ودلکشی کی حفاظت - تحریر نمبر 1593

مون سون کا موسم یوں تو خوشگوار تاثر کے لئے ہوتا ہے تاہم حبس کی وجہ سے طبیعت میں گھٹن اور بے چینی محسوس ہونے لگتی ہے۔ حبس کے دنوں میں جلد چکنی یا چپچپی ہونے لگتی ہے اور جتنی بار بھی چہرہ دھولیا جائے تھوڑی دیر میں پھر سے وہی حال ہوجاتا ہے۔

پیر 21 اگست 2017

نہال ممتاز:
مون سون کا موسم یوں تو خوشگوار تاثر کے لئے ہوتا ہے تاہم حبس کی وجہ سے طبیعت میں گھٹن اور بے چینی محسوس ہونے لگتی ہے۔ حبس کے دنوں میں جلد چکنی یا چپچپی ہونے لگتی ہے اور جتنی بار بھی چہرہ دھولیا جائے تھوڑی دیر میں پھر سے وہی حال ہوجاتا ہے۔ اضافی چکنائی سے جلد کی رنگت ماند پڑجاتی ہے اور وہ بے جان اور پژمردہ نظر آتی ہے۔
جب گرمی اور حبس ہوتو جلد کو صاف وتروتازہ رکھنا یقینا مشکل کام ہوتا ہے۔ اس موسم میں چکنی جلد خشک اور خشک جلد چکنی محسوس ہونے لگتی ہے۔ اگر چہ نمی اور رطوبت جلد کے لیے اچھی چیز ہے مگر حبس زدہ موسم میں جلد پر موجود مسام دوسرے موسموں کے مقابلے میں جلدی جلدی بند ہونے لگتے ہیں۔ ان سے بچنے کے لئے آپ کو روزانہ اپنی جلد کی صفائی ستھرائی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)


چہرے اور جسم کی صفائی کے لیے فیشل اور باڈی واش کا استعمال کریں۔ اگر چہرہ بار بار دھونے سے آپ کی جلد خشک ہونے لگے تو آئل فری موسچرائزر کا اتنا استعمال کریں کہ جلد نرم ہوجائے۔ اگر آپ کے موئسچرائزر میں سن سکرین شامل نہیں ہے تو سن سکرین لگائیں۔ ایسی سکرین کا استعمال کریں جو تیل سے پاک ہو اور اس کی باریک تہہ لگائیں۔
دن میں کم از کم دوبار ضرور غسل کریں تاکہ پسینے سے نجات کے ساتھ آپ فرحت و تازگی بھی محسوس کریں۔
ٹالکم پاوڈر کی بجائے کوئی مدہم خوشبو کا پرفیوم استعمال کریں۔ایسے لباس کو ترجیح دیں جس میں پسینہ جذب کرنے کی صلاحیت ہو۔ خواتین ایسی بیوٹی پراڈکٹس یا میک اپ کا استعمال کریں جو آئل فری توہوں مگر چہرے کو موئسچرائز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ برسات یا مون سون میں چہرے پر مہاسوں وغیرہ کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔ اس کی وجہ بھی جلد پرآنے والی اضافی چکنائی ہی ہے۔
اس کے علاوہ بارش کے موسم میں تلی ہوئی غذائیں مثلاََ سموسے یا پکوڑے بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں ، ان کا بے جا استعمال بھی چہرے پر مہاسوں یا دانوں کی آمد کا سبب بنتا ہے۔ جلدی مسائل سے نجات کے لیے نیم بے حد کار آمد پودا ہے۔ اس کی پتیاں ابال کراس پانی کو ٹھنڈا ہونے دیں پھر اس سے غسل یا چہرہ دھویں ۔بازار میں ایسے ہربل صابن یافیس واش بھی دستیاب ہیں جن میں نیم کے اجزا شامل ہوتے ہیں۔
یہ بھی جلد کے لیے موثر ہیں۔ بیسن سے چہرہ دھونے سے بھی اضافی چکنائی اور چپچپاہٹ سے نجات مل جاتی ہے اور اس کے متواتر استعمال سے رنگت بھی نکھر آتی ہے۔ گھر سے باہر جاتے وقت اپنے ساتھ گیلے فیشل تولیے یا ایسے نمدار ٹشو ضرور ساتھ رکھیں جن سے بوقت ضرورت آپ چہرے کی صفائی کرسکیں۔
موسمی بارشیں اور درجہ حرارت میں تبدیلیاں ہوا میں نمی کے تناسب کو کم اور زیادہ کرتی ہیں۔
یہ موسم ایسے لوگوں کے بالوں کے لیے انتہائی پریشانیاں پیدا کرتا ہے جن کے بال نمی سے متاثر ہوتے ہیں اور یہ آپ کے بالوں کی کنڈیشن پر منحصر ہوتا ہے۔ ہوا میں موجود نمی آپ کے بالوں کو گھنگھریالے کردیتی ہے یا بالوں میں بھاری پن پیدا کردیتی ہے۔ ہوا میں موجود نمی کی وجہ سے بالوں کو سٹائل دینا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ جس کی وجہ سے بہت سی خواتین کو اپنے بالوں کے سلسلے میں بہت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، آپ اس نمی سے پیدا ہونے والی مشکلات کو قابو کرسکتی ہیں۔
وہ کیسے؟ یہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
بہت سے آسان راستے ہیں جن کے ذریعے آپ اس نمی سے نمٹ سکتی ہیں اور اپنے بالوں کو سٹائل بھی دے سکتی ہیں ۔ سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے بالوں کو وہی انداز دیں جو قدرتی طور پر آپ کو ملا ہے۔ بجائے اس کے کہ آپ گھنگھر یالے بالوں کو سیدھا کرنے بیٹھ جائیں یا سیدھے بالوں کو گھنگھریالے کرنے بیٹھ جائیں۔
ایسا اسٹائل منتخب کریں جو آپ پر قدرتی دکھائی دے۔ اگر آپ کے بال سیدھے ہیں تو انہیں گھنگریالے بنانے پر اپنا وقت ضائع مت کریں۔
دن میں اگر آپ کے بال نرم ہوجاتے ہیں تو درمیان میں ایک ہیئر سپرے ضرور کریں۔بالوں کو ایک برش کے ذریعے سیدھا کرتی رہیں، جب تک سپرے ڈرائی کریں ۔ پھر آرام سے اپنے چہرے کوصاف کریں اور بالوں کو ہیئر بینڈ لگائیں۔

اگر یہ نمی آپ کے بالوں کو بے رونق اور مردہ بنارہی ہے تو اس کا بہترین حل یہ ہے کہ آپ اپنے بالوں کی ہیئر کٹنگ سیدھی کرائیں۔ کسی اور انداز کی ہیئر کٹنگ آپ کے لیے اس سلسلے میں مسائل پیدا کرسکتی ہے، خاص طور پر ان کے لیے جن کے بال بہت پتلے ہوتے ہیں۔ اس موسم میں سب سے بڑی سٹائلنگ پر ابلم جو سامنے آتی ہے ، وہ ہے بالوں کا خود بخود گھنگھریالے ہونا۔
اس کا حل صرف ہیئر کٹنگ ہے کیونکہ جتنے بال بڑے ہوں گے، اتنے ہی مسائل پیدا ہوں گے۔
جب سٹائل اپنائیں تو کم سے کم چیزیں اس سلسلے میں استعمال کریں کیونکہ زیادہ ہیئر کریم اور جیل آپ کے بالوں کو بھاری بھی کرسکتے ہیں۔ اپنے بالوں کو مناسب ہیئر کٹ دے کر آپ بہت سے مسائل سے محفوظ رہ سکتی ہیں، موسم کے لحاظ سے انہیں بنائیں اور ان کی حفاظت کریں تو یقینا یہ آپ کے لیے مسائل پیدا نہیں کریں گے، نہ ہی کوئی بھی موسم آپ کے بالوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے میں کامیاب ہوگا۔ بات صرف مناسب دیکھ بھال کی ہے جو آپ کو کرنا ہے

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Habs Zada Mausam Main Husn O Dilkashi Ki Hifazat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.