Jild Ki Khoobsoorti Aur Taazgi Kay Liay Mask Lagaiay - Article No. 1191

Jild Ki Khoobsoorti Aur Taazgi Kay Liay Mask Lagaiay

جِلد کی خوب صورتی اور تازگی کے لئے ماسک لگائیے - تحریر نمبر 1191

موسم کوئی بھی ہو ،جلد کی حفاظت ہر عورت کی ضرورت ہے جس کے لئے وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ جلد کی حفاظت کے لئے مصنوعی اجزا پر مشتمل مصنوعات کے مقابلے میں قدرتی اجزا کے نسخے زیادہ بہتر ثابت ہوتے ہیں ۔چہرے کے حُسن کا راز ہربل ماسک میں پوشیدہ ہے۔

ہفتہ 9 مئی 2015

نسرین شاہین:
موسم کوئی بھی ہو ،جلد کی حفاظت ہر عورت کی ضرورت ہے جس کے لئے وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ جلد کی حفاظت کے لئے مصنوعی اجزا پر مشتمل مصنوعات کے مقابلے میں قدرتی اجزا کے نسخے زیادہ بہتر ثابت ہوتے ہیں ۔چہرے کے حُسن کا راز ہربل ماسک میں پوشیدہ ہے۔
جو عموماََ پھلوں، سبزیوں اور ملتان مٹی پر مشتمل ہوتا ہے۔ہربل ماسک میں بہت زیادہ تحریک دینے والے اثرات ہوتے ہیں۔

ان کے استعمال سے نہ صرف خون کی گردش بہتر ہو جاتی ہے۔ بلکہ چہرے کے پٹھے صحت مند ہو جاتے ہیں اور جلد کی لچک بھی برقرار رہتی ہے ۔ مسام سکڑ کر جلد کو شگفتہ اور نرم وملائم بنانے کے لئے ماسک لگانے کا مشورہ دیتی ہیں۔ہفتے میں کم از کم ایک بار چہرے پر ہربل ماسک لگانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

قدرتی اجزا پر مشتمل یہ ماسک لگانے سے چہرہ ترو تازہ اور نرم و ملائم رہتا ہے۔


ماسک کا استعمال کچھ زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔ دو تین بار ماسک استعمال کرنے کے بعد عموماََ خواتین ماسک لگانے کی اتنی ماہر ہوجاتی ہیں کہ کسی کی مدد کے بغیر اس کام کو خود بخوبی انجام دے لیتی ہیں۔چند ضروری باتیں یاد رکھنے کی ہیں۔ ماسک لگانے سے پہلے کسی اچھے صابن سے منھ دھو کر خشک کر لیں۔ بالوں کو سمیٹ کر اسکارف سے باندھ لیں ، تاکہ ماسک لگاتے ہوئے پریشانی نہ ہو۔
ماسک ہمیشہ غسل کرنے سے پہلے لگایا جائے، تاکہ جب ماسک کے بعد غسل کر کے نکلیں تو آپ کا چہر ہ تروتازہ ہو۔
ماسک لگانے کا طریقہ بھی آسان ہے ماسک لگانے سے دن منٹ پہلے چہرے پر دودھ لگائیں دس منٹ بعد روئی کے پھائے کو نیم گرم پانی میں بھگو کر اس سے چہرے کو اچھی طرح صاف کر لیں۔ پھر تو لیے سے چہرہ خشک کر لیں۔ شروع میں ماسک پیشانی اور رخساروں کے اطراف لگائیں۔
دوسرے مرحلے میں چہرے کے جو حصے باقی رہ گئے ہیں ان پر اچھی طرح ماسک لگائیں۔ یہاں تک کہ ماسک آپ کا پورا چہرہ ڈھانپ لے۔ صرف آنکھوں اور ہونٹوں کے اردگرد جگہ کو محفوظ رکھیں۔ ماسک گردن پر بھی لگائیں۔
ماسک پندرہ سے بیس منٹ لگا رہنے دیں۔ اس دوران آنکھیں بند کرکے کم از کم تین منٹ سیدھی لیٹ جائیں یا آرام دہ کرسی پر نیم دراز ہو کر کوئی ہلکی پھلکی تحریک پڑھ لیں۔
اعصاب پر قطعاََ بوجھ نہ ڈالیں۔ ماسک لگانے کے بعد جِلد اور اعصاب کو نہایت سکون کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس دوران عرقِ گلاب میں روئی کے پیڈ بھگر کر آنکھوں پر رکھیں، اس سے آنکھوں کی تھکن دور ہو جائے گی۔
ماسک کی کئی اقسام ہیں۔ یہ بازار سے تیار شدہ بھی مل جاتے ہیں اور انھیں گھر پر بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔ گھر میں تیار کیے گئے ماسک زیادہ معیاری اور اثر انگیز ہوتے ہیں۔
کیوں کہ آپ ان میں خالص اجزا شامل کرتی ہیں ۔بہتر یہی ہے کہ ہر بار تازہ ماسک تیار کر کے استعمال کریں۔ پہلے یہ دیکھ لیں کہ آپ کی جِلد کس قسم کی ہے۔چکنی ہے خشک ہے یا نارمل ہے۔ مختلف اقسام کی جلد کے لیے ماسک بھی مختلف لگایا جاتا ہے یعنی چکنی جِلد کیلئے الگ، خشک جلد کے لئے الگ اور نارمل جلد کے لیے بھی الگ ماسک ہوتا ہے۔
چکنی جلد کے لئے ماسک کی تیاری میں ا ن اشیاء کی ضرورت ہوتی ہے :
عرق گلاب پانچ چمچے۔
ہلدی ایک چمچہ۔ میدہ چائے کے تین چمچے۔ بیسن چائے کے تین چمچے۔ اور دار چینی پیسی ہوئی ایک چمچہ۔ تمام اشیا کو اچھی طرح ملا لیں ۔ لگانے سے پہلے پانی ملا کرلئی سی بنالیں اور اس میں دو تین قطرے عرقِ لیموں اور دو تین قطرے روغنِ بادام ملالیں۔ یہ ماسک چِکنی جلد کیلئے بہت مناسب ہوتاہے ۔لگا کر دیکھیں۔
خشک جلدکے لیے ماسک کی تیاری میں جن اشیا کی ضرورت ہو گی وہ یہ ہیں:
نارنگی کارس، تربوز کارس، سیب کا گودا اور آٹے کی بھوسی ، دو دو چمچے لے کر آپس میں اچھی طرح ملا کر پیسٹ بنا لیں۔
اب یہ پیسٹ چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے پر تازہ پانی سے چہرے کو اچھی طرح دھولیں۔
خشک جلد کے لئے ماسک میں آٹے کی بھوسی کے بجائے جَو کا سفوف ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔خشک جِلد کے لئے ماسک تیار کرتے وقت اس میں روغنِ بادام بھی ملا لیا جائے تو نتائج اچھے نکلیں گئے۔
نارم جِلد کیلئے ماسک کی تیاری میں ملتانی مٹی پسی ہوئی ایک پیالی، ہلدی ایک کھانے کا چمچہ اور زیتون کا تیل چار پانچ قطرے شامل کریں۔
ایک پیالی میں پسی ہوئی ملتانی مٹی میں ہلدی ملاکر روغنِ زیتون کے قطرے ملالیں۔ خوب اچھی طرح ملاکر چہرے پر پندرہ منٹ لگائیں پھر چہرہ دھو لیں۔ نارمل جِلد کیلئے بہترین ماسک ہے۔
ماسک اتارنے کا طریقہ بھی آسان ہے خشک ہونے کے بعد روئی کونیم گرم پانی میں بھگو کر گردن اور چہرے سے ماسک کو اچھی طرح صاف کریں۔ اس کے بعد چہرہ پانی سے دھو کر خشک کر لیں۔ پھر عرق گلاب روئی میں بھگو کر چہرے اور گردن پر لگائیں۔ چہر ہ نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ ماسک اتارنے کے فوراََ بعد میک اپ نہ کریں۔ بہتریہی ہے کہ ماسک اتار نے کے بعد کم از کم ایک یا ڈیڑھ گھنٹے کا وقفہ ضرور لیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Jild Ki Khoobsoorti Aur Taazgi Kay Liay Mask Lagaiay" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.