Cosmetics Products Aur Husn O Khubsurti Ka Hasool - Article No. 1582

Cosmetics Products Aur Husn O Khubsurti Ka Hasool

کاسمیٹک پروڈکٹس اور حسن و خوبصورتی کا حصول - تحریر نمبر 1582

ہمیشہ اپنی جلد کی رنگت سے ہم آہنگی رکھنے والے فاؤنڈیشن اور فیس پاؤڈر کا استعمال کریں تاکہ دلآویز میک اپ کے لیے بہترین میک اپ بیس بنائی جا سکے

پیر 22 مئی 2017

میک اَپ کی مدد سے حقیقت میں ایک ناشائستہ اور بدصورت خاتون کو حسِین و جمیل بنایا جا سکتا ہے۔:
عام طور پر دیکھنے میں آتا ہے کہ ہر عورت قلوپطرہ‘ہیلن آف ٹرائے‘پرنسس ڈیانا‘مدھو بالا اور مادھوری جیسی کلاسیکل بیوٹی بننا چاہتی ہے ان خواتین کے مکمل نقش ونگار افسانوی لگتے ہیں اور ان کا حسن شاعر کے تخیل کا منہ بولتا ثبوت۔

البتہ ہم میں سے بیشتر خواتین کے نقش ونگار معمولی یا معمولی سے قدرے بہتر ہو سکتے ہیں۔یہ کوئی مایوسی کی بات نہیں۔اصل ترکیب اپنے اچھے خدوخال کو مزید بہتر بنانا اور کم بہتر خدوخال کو خیفف کرنا ہے۔آج کل کے دور میں دستیاب میک اپ کی پیچیدہ لیکن باصلاحیت تیکنیک کی مدد سے آپ حقیقت میں ایک ناشائستہ اور اور بدصورت چوزہ‘بطخ‘ کو ایک حسین و جمیل راج ہنس میں تبدیل کر سکتی ہیں اور وہ بھی پلاسٹک سرجری اختیار کئے بغیر۔

(جاری ہے)


زلفیں:
آئیے ہم ابتدا اپنے قابل فخر تاج یعنی بالوں سے کرتے ہیں۔اگر قدرت نے آپ کو خوبصورت سیاہ زلفوں سے نوازا ہے تو آپ یقینا خوش نصیبوں میں سے ایک ہیں۔بس اپنے سر کے اس تاج کی حفاظت کریں․․․․ایک مناسب ہیئر استائل اختیار کریں اور اپنے بالوں میں باقاعدگی سے تیل لگائیں اور انہیں کنڈیشن کریں۔پھٹے ہوئے سروں کو تراشتی رہیں اورایک اچھی قسم کا شیمپو استعمال کریں۔

وہ خواتین جن کے بال پریشان کرتے ہیں انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔اگر آپ کے بال بہت باریک ہیں اور ان میں لچک بھی نہیں ہے تو پہلے انہیں ترشوالیں اور اپنی ہیئر ڈریسر سے مشورے کے بعد اسٹائل دے دیں۔وہ آپ کے لئے ایسا اسٹائل تجویز کرسکتی ہے جو آپ کے بالوں میں ایک نئی قوت اور جدت پیدا کردے گا۔
شیمپو کے بعد بالوں کو تولیہ سے خشک کرلیں۔
پھر سر کو جھکا کر بالوں کو وقت تک بلوڈائر کریں کہ وہ 90 فیصد خشک ہوجائیں۔پھر تن کر کھڑی ہوجائیں اور انہیں مکمل طور پر ڈرائی کرلیں۔اس سے آپ کی زلفوں کو باڈی اور ہاؤنس ملے گا۔
سفید بالوں کو چھپانے کے لئے مارکیٹ میں دستیاب کمرشل ڈائیز(رنگ) سے سو ا مہندی باقاعدگی سے استعمال کریں۔یہ بالوں کو قدرتی سیاہ کرتی ہے اور انہیں کنڈیشن بھی کرتی ہے۔
اس کے بعد ہمارے چہرے کی باری آتی ہے۔گوبیضوی چہرے کے بارے میں یہ یقین کیا جاتا ہے کہ وہ سب میں پرفیکٹ شیپ ہوتا ہے جبکہ ہم سے بہت سوں کے چہرے گول‘چوکور یا لمبوترے ہوتے ہیں۔کوئی کسی کے چہرے کی شیپ تو تبدیل نہیں کرسکتا البتہ میک اپ کے ہوشیاری استعمال سے چہرہ کو بدلا ضرور جا سکتا ہے۔
اگر آپ اپنے جبڑے کی چوکور لائن کو گھٹانا چاہتی ہیں تو پھر جبڑے کی ہڈیوں پر گہری فاونڈیشن لگائیں۔
دوہری ٹھوڑی کو چھپانے کے لئے ٹھوڑی کے صحیح مقام پر ہلکی فاونڈیشن لگائیں اور پھر اسے نارمل فاونڈیشن سے بلینڈ کرلیں۔
نوکدار ٹھوڑی کو ہموار کرنے کے لئے ٹھوڑی کے چاروں طرف ہلکی فانڈیشن کریں تھپتھپائیں اور بلینڈ کر لیں۔آپ اپنے چہرے پر جس بھی شیڈ کا پوڈر لگائیں‘ٹھوڑی کے اس حصے پر جہاں ہلکی فاؤنڈیشن لگائی ہے اس سے ہلکے شیڈ کا پوڈر لگائیں۔

اگر آپ کے چہرے کی جلد پھیکی اور مرجھائی ہوئی ہے تو ایسی فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں جس میں ہلکا گلابی پن ہوتا ہے کہ آپ کے چہرے پر رنگ آجائے۔اسے اچھی طرح بلینڈ کرلیں اور بہترین تاثر کے لئے نیم شفاف پوڈر استعمال کریں۔
اگر آپ کی جلد زرد ہے تو فاؤنڈیشن اور پوڈر دونوں قدرے شوخ رنگ کے انتخاب کریں اور اگر جلد سانولی ہے تو کتھئی گلابی ٹون استعمال کریں۔

ہیئر اسٹائل کی مدد سے بھی چہرے کے شیپ کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ایک چوڑی پیشانی کو بالوں کی لٹوں یا جھالر سے چھپایا جا سکتا ہے۔جبڑے کی چوکور ہڈیوں کے تاثر کو ایسے ہیئر اسٹائل سے ہلکا کیا جاسکتا ہے جو چہرے کے فریم کا کام دے۔
بالوں میں جوڑا چھوٹے چہرے یا پستہ قدو قامت میں اضافہ کا باعث ہوسکتا ہے۔جبکہ ایک مکمل بیضوی اور نکھرے ہوئے چہرے کو ایک ایسے ہیئر اسٹائل سے تاثر دیا جاسکتا ہے۔
جو چہرے سے ہٹا کر بنایا جائے۔
جن عورتوں کے چہرے چھوٹے ہوتے ہیں وہ بے حد چھوٹے بالوں کے مقابلے میں شانوں تک بالوں میں اچھی لگتی ہیں۔
بڑی عمر کی خواتین کو ہلکے قسم کے ہیئر اسٹائل اپنانے چاہئیں جن میں بال چہرے سے دور نہ ہونے پائیں(کیونکہ اس سے جھریاں اور شکنیں نمایاں ہوکرعمر کو ظاہر کرنے لگتی ہیں)بلکہ وہ ہیئر اسٹائل اپنائیں جن میں وہ چہرے کو فریم کی مانند تحویل میں لئے ہوئے ہوں۔

اگر آپ کی گردن راج ہنس کی مانند خوبصورت ہے تو پھر آپ اپنی زلفوں کو جوڑے کی شکل میں یا ٹرینچ بن میں باندھ لیں اور گردن کو جاذب نظر بنانے کے لئے اس میں ایک نازک و نفیس اور دلکش نیکلس پہن لیں۔
بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق وہ لڑکیاں اور خواتین جو عینک پہنتی ہیں شدید قسم کے ہیئر اسٹائلز سے گریز کریں۔ان پر ہلکے ہیئر اسٹائل زیادہ دلکش لگیں گے۔

چہرے کے بعض نقائص کو چھپانے کے لئے روج کو نہایت ہوشیاری سے استعمال کریں۔پچکے ہوئے رخسار بھرپور اور گول دکھائی دیں گے اگر روج کا ان کے اندر لگانے کی بجائے گالوں کے گڑھوں کے اوپر بلینڈ کیا جائے ۔اس طرح پچکے ہوئے گال کا قدرتی شیڈو معتدل ہوجاتا ہے اور انہیں بھرپوراورپھولا ہوا ظاہر کرنے لگتا ہے۔
ایک لمبے اور پتلے چہرے کو چوڑا ظاہر کرنے کے لئے روج کو جبڑے کی ہڈی سے پیچھے کی طرف بالوں تک بلینڈ کریں․․․․ایک سیدھی لکیر کی مانند۔

ایک چوڑے چہرے کو پتلا بنانے کے لئے ہلکا سا روج ناک کے قریب لگائیں اور اسے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ایک چوکور چہرہ اس وقت بیضوی لگتا ہے اگر روج کو جبڑے کی ہڈیوں کی سمت ایک لمبے مثلث کی شکل میں شیڈ کیا جائے۔
آنکھیں اور بھویں:
بھووں کے بال اگر چھدرے ہوں تو انہیں بھر پور بنانے کے لئے ایک باریک نوک والی آئی بروپینسل استعمال کریں اور بالوں کے بڑھنے کی سمت میں مختصر اسٹروکس ڈالتی جائیں۔
کوئی ایک اکلوتی لکیر مت کھینچیں اور نہ ہی اسے زیادہ لمبا کریں ورنہ وہ مصنوعی دکھائی دے گی۔آئی شیڈ کو اگر ہوشیاری سے استعمال کیا جائے تو وہ آنکھوں کے کئی عیوب کو ڈھانپ دیتا ہے۔اگر آپ کی آنکھیں ایک دوسرے سے بے حد قریب ہیں تو آئی شیڈو اوپری پپوٹوں پر اپلائی کریں۔پھراسے اوپر اور آنکھ کے بیرونی گوشے کی جانب باہر کی سمت بلینڈ کریں۔اس خوب اچھی طرح بلینڈ کریں اور باریک لائنوں کو مٹادیں۔
قریب کی آنکھیں(یعنی وہ آنکھیں جن کے درمیان فاصلہ بے حد کم ہوتا ہے)وہ زیادہ فاصلے پر (یعنی ان کے درمیان کا فاصلہ)دکھائی دی جاسکتی ہیں۔اگر بھووں کو درمیان فاصلے کو بڑھادیا جائے۔
اندردھنسی ہوئی آنکھوں کو نمایاں کرنے کے لئے اوپری پپوٹوں کے عین اوپر ہلکے رنگ کی فاؤنڈیشن لگائیں اور اسے فاؤنڈیشن کے رنگ میں بلینڈ کریں۔آئی شیڈو کے استعمال سے گریز کریں۔

چھوٹی آنکھوں کو دوقسم کے آئی شیڈو کے استعمال سے بڑا دکھایا جاسکتا ہے۔ہلکا آئی شیڈو پپوٹوں کی شکن پر اور گہرا آئی شیڈوپپوٹوں پر استعمال کریں۔گول آنکھیں لمبی بنائی جا سکتی ہیں۔اگر آئی شیڈو کو آنکھوں کے بیرونی گوشے سے باہر تک بڑھا دیا جائے۔
اگر آپ کی آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ہیں توانہیں چھپانے کیلئے کنسیلر یا وائٹزا استعمال کریں۔
متبادل طریقہ یہ ہے کہ ان حصوں میں فاؤیشن کا ہلکا شیڈ استعمال کریں اور پھر اسے اس نارمل شیڈ سے کور کردیں جو آپ استعمال کرتی ہیں۔چہرے کی جلد پر موجود دیگر داغ دھبے بھی اسی طریقے سے چھپائے جا سکتے ہیں۔
جھائیاں:
جھائیوں کی ٹون کو ہلکا کرنے کیلئے ایسی فاؤنڈیشن استعمال کریں جو آپ کی نارمل رنگت سے قدرے ہلکی گلابی ہو۔پھر معمول کے مطابق اس پر پوڈر لگالیں۔
اگر زخم کا نشان یا پمپلز ہوں کہ جوکہ نمایاں دکھائی دیتے ہوں تو انہیں اس قدرے گہرے رنگ سے بلاٹ کرلیں جو کہ آپ اپنے بقیہ چہرے پراستعمال کرتی ہیں۔کناروں کو اچھی طرح سے بلینڈ کرلیں اور معمول کے مطابق پوڈر لگا لیں۔
تھکن:
اگر آپ تھکی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں تو پھر اپنی پیشانی کے درمیان میں روج کا نہایت ہلکا سا ٹچ دے دیں۔اپنے چہرے کو ایک متوازن صحت مندانہ لک عطا کرنے کے لیے بلشر کو ہلکے سے اپنی پیشانی ناک کے بانسے اور ٹھوڑی پر ٹچ کردیں۔

جھریاں:
عمر رسیدگی کی شکنیں اور جھریاں فاؤنڈیشن کریم سے چھپائی جا سکتی ہیں۔فاونڈیشن کریم کو جلد پر باہر کی سمت گول دائرے میں گردش کرتے ہوئے برابر سے لگائیں تاکہ ہموار رہے۔
گردن:
ایک مختصر اور موٹی گردن کو پتلی ظاہر کرنے کے لیے گردن پر اس قدرے گہری فاؤنڈیشن استعمال کریں جو آپ نے چہرے پر استعمال کی ہے۔ایک پتلی گردن کو چھپانے کے لئے اس کا الٹ عمل کریں۔

ہونٹ:
منہ کے نقائص کو ڈھانپنے کے لئے لپ اسٹک بھی نہایت ہوشیاری سے استعمال کرنی چاہیے ۔اگر آپ کے ہونٹ بے حد بھرے بھرے سے ہیں تو لپ اسٹک کی مد د سے آؤٹ لائن بنالیں۔پھر قدرتی لپ لائن کے ذرا اندر برش کرلیں اور اس میں رنگ بھردیں۔باقی حصے کو فاؤنڈیشن نے کور کرلیں۔
اگر آپ کے ہونٹ بے حد پتلے ہیں تو اوپری ہونٹ کو قدرتی لپ لائن سے ذرا اوپر بڑھا دیں۔
لیکن ہونٹوں کے قدرتی خم کادھیان رکھیں۔لٹکے ہوئے ہونٹوں کو سیدھا دکھانے کے لئے کناروں جو بھردیں۔اگر آپ کے ہونٹ خشک ہیں تو لپ اسٹک لگانے سے پہلے کولڈ کریم اپلائی کریں۔پھٹے ہوئے یا خشک ہونٹوں پر ہمیشہ لپ گلوز استعمال کریں تا کہ وہ نرم رہیں اور پیارے لگیں۔
لباس:
جیسا کہ کہا جاتا ہے لباس شخصیت نکھارتا ہے اپنے لباس کا انتخاب اپنے چہرے اور جسمانی ساخت کے مطابق محتاط طریقے سے کریں۔
اگر آپ پستہ قد اور فربہہ جسم ہیں تو شوخ اور بڑے پرنٹ کے ملبوسات یا افقی پٹیوں والے پرنٹس سے گریز کریں۔نازک اور نفیس پرنٹ میں آپ زیادہ بہتر اور اچھی لگیں گی۔اس کا الٹ بھی اچھا لگے گا۔
شلوار کے مقابلے میں چوڑی دار سے قد لمبا لگتا ہے۔اگر آپ کے ہاتھ کمزور اور ڈھیلے ڈھالے سے ہیں تو بغیر آستین کا لباس پہننے سے گریز کریں۔اگر آپ کے پیر دلکش ہیں تو پٹیوں والے نفیس سینڈل پہنیں ورنہ بند جوتوں یا ہاف اوپن سینڈل کو ترجیح دیں۔

اگر آپ کی انگلیاں لانبی اور شیپ میں نہیں ہیں تو بہت سی انگوٹھیاں پہننے سے گریز کریں کیونکہ وہ توجہ مبذول کراتی ہیں۔ہلکے رنگ کے نیل پالش کا انتخاب کریں۔چوکور ناخنوں کو لمبا دکھانے کیلئے ناخن کے درمیان میں نیل پالش لگائیں اور کناروں سے نیل پالش نہ لگائیں بلکہ انہیں صاف رکھیں۔ہلکا گلابی یا نیچرل بیج شیڈ ناخنوں کو زیادہ لمبا اور پر کشش بنا دیتا ہے۔

البتہ اس بات کادھیان رکھیں کہ آپ کی نیل پالش اور لپ اسٹک ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہوں۔
دیگر ضروری اشیاء:
اچھے خدوخال کو نمایاں کرنے یا نقائص کو ڈھانپنے کے لئے مختلف ضروری آرائشی اشیاء کو ہوشیاری سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اگر آپ کی انگلیاں اور بازو خوبصورت ہیں تو آپ ان پر توجہ مبذول کرانے کی خاطر دیدہ زیب قسم کی انگوٹھیاں اور چوڑیاں‘کڑے پہن سکتی ہیں۔
خوبصورت پیروں کی جانب توجہ مبذول کرانے کی خاطر آپ پائل پہن سکتی ہیں اور پاؤں میں چھلے پہن سکتی ہیں۔ساتھ ہی نفیس اور نازک سینڈل استعمال کر سکتی ہیں۔
اگر آپ کی گردن موٹی ہے تو چین‘پینڈینٹ یا لمبے نیکلس پہنیں۔جو خواتین عینک استعمال کرتی ہیں انہیں چاہیے کہ وہ بہت زیادہ جگماتے ائیر رنگز نہ پہنیں کیونکہ اس سے دونوں چمکدار اشیاء کا ٹکراؤ ہو جائے گا۔
ٹاپس یا چھوٹے رنگ ان پر دلکش لگیں گے۔
یہ کہنا درست ہے کہ”حسن دیکھنے والے کی نظر میں ہوتا ہے“البتہ ہمیں بھی چاہیے کہ اپنے خدوخال اور ظاہری شکل وصورت کو اہمیت دیں اور نمایاں رکھنے کی کوشش کریں۔
میک اپ عورت ذات کے لئے ایک تحفہ ہے یہ اس کے ہاتھوں میں ایک طاقتور اوزار کی سی حیثیت رکھتا ہے۔وہ اس سے اپنے عمدہ نقوش کو مزیدگلیمر عطا کرنے اور اپنی کمزرویوں کو چھپانے کے لئے استعمال کر سکتی ہے۔درست اور نزاکت و ہوشیاری سے کیا ہوا میک اپ اور یہ علم کہ ہم پر کون سے ملبوسات اور دیگر ضروری اشیاء جچیں گی‘ایک دلکش اور جاذب نظر ظاہری شخصیت کی تکمیل میں ہمیشہ اور طویل عرصے تک کام آتے ہیں۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Cosmetics Products Aur Husn O Khubsurti Ka Hasool" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.