Singhari Masnoaat Khobsorti Maand Bhi Kar Sakti Hain - Article No. 1109

Singhari Masnoaat Khobsorti Maand Bhi Kar Sakti Hain

سنگھاری مصنوعات خوبصورتی ماند بھی کرسکتی ہیں - تحریر نمبر 1109

تمام بیوٹی پروڈکٹس شیلف لائف رکھتی ہیں اور ایک متعین مدت کے بعد نہ صرف ان کی تاثیر تبدیل ہوجاتی ہے بلکہ یہ بیکٹیریا سے لڑنے کی صلاحیت بھی کھودیتی ہیں

ہفتہ 13 ستمبر 2014

شاہانہ دلشاد:
ایک مشہور بیوٹی سیلون میں ایک خاتون آئیں اور انہوں نے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا آئی لائنر جو کہ بہت مہنگے اور مشہور برانڈ کا ہے ہمیشہ بہترین رزلٹ دیتا تھا لیکن اب اس کو استعمال کرنا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ وہ خشک ہوکر نہ صرف نسبتاََ ہلکا شیڈ دیتا ہے یعنی بلیک کے بجائے سرمئی مائل لائن نظر آیتی ہے بلکہ اسے اب آنکھوں پر اپلائی کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
جب بیوٹیشن نے ان سے یہ سوال کیا کہ یہ لائنر وہ کب سے استعمال کررہی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ میں نیاسے 3سال قبل خریدا تھا اور اب تک سنبھال سنبھال کر استعمال کررہی ہوں ان کے لہجے میں بیحد فخر تھا لیکن بیوٹیشن کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں تھیں‘ وہ 3سال سے ایک آئی لائنر کیک استعمال کررہی تھیں اور اب بھی انہیں اس بات سے پریشانی محسوس ہورہی تھی کہ وہ اسے مزید کیوں استعمال نہیں کرپارہی ہیں۔

(جاری ہے)


اکثر خواتین کیلئے اس بات کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے کہ میک اپ پروڈکٹس صرف اس لئے طویل مدت تک استعمال کرنا کہ وہ ختم نہیں ہورہی ہیں ان کی جلد کیلئے خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ کھانے پینے کی چیزوں اور دیگر چیزوں کی طرح ان کے استعمال کی بھی ایک مخصوص مدت ہوتی ہیں یعنی انہیں ایک مخصوص مدت تک ہی استعمال کرنا بہتر رہتا ہے ورنہ جلد کسی انفیکشن کا شکار بھی ہوسکتی ہے یا اس کا کم از کم نقصان یہ ہوتا ہے کہ ان پروڈکٹس کے استعمال سے درست شیڈ اور میک اپ کا صحیح لُک حاصل کرنا ممکن نہیں رہتا ہے۔
جب آپ کوئی میک اپ پروڈکٹ خریدتی ہیں تو اس کے پیکٹ پر یہ چیک کرلیں کہ اس کے استعمال کی مدت کتنی باقی ہے۔ بہت سی خواتین جب کوئی بیوٹی پروڈکٹ لیتی ہیں تو وہ ان چیزوں سے جذباتی وابستگی محسوس کرنے لگتی ہیں اور ان کیلئے یہ بہت مشکل ہوتاہے کہ وہ میک اپ کی ان مہنگی چیزوں کو محض اس لیے ضائع کردیں کہ وہ آؤٹ آف ڈیٹ یا ایکسپائر ہوچکی ہیں۔
اکثر معیاری کمپنیاں اپنی سنگھاری مصنوعات کی بوتل یا ڈبے پر اس کی تیاری کی تاریخ اور مدت استعمال کی تاریخ کا اندراج کرتی ہیں عام طور سے ان چیزوں کا انتہائی استعمال 6-24 ماہ تک کا ہوتا ہے لیکن اگر آپ غور کریں تو اندازہ ہوگا کہ اکثر خواتین میک اپ خریدتے ہوئے اس چیز کی ایکسپائری ڈیٹ پڑھنے کی زحمت ہی گوارا نہیں کرتی ہیں جس کی وجہ سے ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کوئی میک اپ پروڈکٹ اس وقت خریدیں جب اس کے استعمال کی مدت بہت کم رہ گئی ہو اور پھر آپ پریشان ہوں کہ اس کا رزلٹ بہتر کیوں نہیں آرہا یا یہ خراب کیوں ہوگئی اس کے بعد آپ کے پاس کوئی آپشن نہیں ہوتا سوائے اس کے کہ اسے ڈسٹ بن میں پھینک دیں۔
یہاں ہم آپ کو وہ تین اہم نشانیاں بتاتے ہیں جو کہ کسی بھی میک اپ پروڈکٹ کے ایکسپائرڈ (Expired) ہونے کو ظاہر کرتی ہیں۔
1۔ٹیکسچر میں تبدیلی
کیا آپ نے کبھی لیکوئیڈ فاؤنڈیشن استعمال کیا ہے تو آپ نے یہ بھی نوٹ کیا ہوگا کہ اس کا ٹیکسچر (Texture) مکمل طور پر ہموار ہوگا ہے۔ تو اس میں تبدیلی کسی طرح معلوم کی جاسکتی ہے؟
یہ اب قابل استعمال ہے یا نہیں یہ پتا چلانے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہ کہ لیکوئیڈ میک اپ کے ٹیکسر کو غور سے دیکھیں کیا یہ ہموار‘ نرم تاثر کے ساتھ یکجان ہے‘ اس میں گاڑھا پن ہے اور پھیلانے پر باآسانی آگے بڑھ رہا ہے یہ نشانیاں کسی بھی قابل استعمال لیکوئیڈ (Liquid) میکا پ پروڈکٹ کی ہوسکتی ہیں لہٰذا یہ گرین سگنل ہے کہ آپ ان اکا ستعمال بے فکر ہوکر کریں لیکن اگر یہ ایسا لگے جیسے جم گیا ہو یا اس سے پانی الگ ہورہا ہو یا یہ دیکھنے میں پھٹے ہوئے دودھ کی طرح نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ ایکسپائر ہوچکا ہے یعنی اس کی مدت ستعمال ختم ہوچکی ہے اور اب اسے نہ استعمال کرنا ہی بہتر ہے۔

2۔مہک میں تیزی (Funky)
اگر میک اپ پروڈکٹ اپنی مخصوص مہک تبیل کررہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا استعمال روک دیا جائے اکثر ایسی کاسمیٹکس پروڈکٹ جو کہ ایکپائر ہوچکی ہوتی ہیں ان کی مہک میں یاک ناگوار سی تیزی آجاتی ہے جبکہ کچھ پروڈکٹس ایسی بھی ہوتی ہیں جن میں سے خوشبو بالکل غائب ہوجاتی ہے یا پھر بہت ہلکی محسوس ہوتی ہے۔
بہر حال دونوں صورتوں میں ایسی کاسمیٹکس پروڈکٹس کو ضائع کردینا چاہئے۔ عموماََ یہ آئی شیڈز‘ بلش آن اور دیگر پاؤڈر مصنوعات کے ساتھ ہوتا ہے اس کے علاوہ لیکوئیڈ یا کریم کی شکل میں موجود پروڈکٹ میں بھی یہ نشانی سامنے آسکتی ہے مثلاََ لپ اسٹک کے رنگ میں تبدیلی آنے کے ساتھ اس کی مہک بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
اگر آپ کو لپ گلوس سے تیز الکوحل جیسی مہک آتی محسوس ہو یا ویکس سے Crayons کے ڈبے جیسی مہک آئے تو آپ کو یقیناََ ان اکا ستعمال ترک کردینا چاہئے۔

کسی بھی کاسمیٹکس کی مہک تبدیل ہوجانے کی سب سے پہلی وجہ اس میں شامل اجزائے ترکیبی کا خراب ہوجانا یا اپنی تاثر تبدیل کرلینا ہوتا ہے۔ جس کے بعد اسے چہرے پر اپلائی کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہوتا۔
3۔جلد پر ری ایکشن
اگر آپ کو اندازہ نہیں ہوتا اور آپ وہ کاسمیٹکس استعمال کرلیتی ہیں تو یہ جلدی امراض کا سبب بن سکتی ہیں یا پھر اگر آپ ان تمام نشانیوں کو نظر انداز کردیں اور یہ سوچ کر کاسمیٹکس نہ پھینکیں کہ ابھی کچھ دن اور استعمال کرلی جائے تو بچت کا یہ عمل آپ کو بے حد مہنگا بھی پڑسکتا ہے۔
کیونکہ ایکسپائرڈ اشیاء کے استعمال سے آپ کی جلد پر مضر اثرات رونما ہوتے ہیں نتیجتاََ آپ کی جلد کو آپ کی لاپرواہی کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے اور جلد ری ایکشن کا شکار ہوجاتی ہے۔
خصوصاََ اگرآپ حساس جلد کی مالک ہیں تو ایسی صورت میں آپ کسی بڑے نقصان سے بھی دوچا رہوسکتی ہیں اور ایکسپائرڈ کاسمیٹکس استعمال کرنے کے 24گھنٹے کے اندر اندر آپ کی جلد پر ری ایکشن نمایاں ہوسکتاہے۔
اس سے ہونے والی الرجی جلد کو شدید نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔ ایسابھی ہوسکتا ہے کہ پروڈکٹ استعمال کرنے کے کچھ عرصے بعد آپ کی جلد الرجی کا شکار ہوجائے اور اس وقت آپ کو اندازہ بھی نہ ہو کہ آپ کی جلد پر کس چیز سے ری ایکشن ہوا ہے۔
کچھ مفید مشورے
اگر آپ میک اپ کی بہت ساری اشیاء استعمال کرتی ہیں اور ایک ساتھ مختلف کاسمیٹکس اپلائی کرتی ہیں تو بعض دفعہ آپ اس بات کا اندازہ لگانے میں کامیاب نہیں ہوتیں کہ وہ کون سی چیز ہے جس سے جلد پر الرجی یا ری ایکشن ہوا ہے اگر ری ایکشن آنکھ میں ہوا ہے اور آنکھوں میں جلن یا خارش محسوس ہورہی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنے آئی میک اپ پر غور کریں‘ اگر آپ آئی میک اپ کرتے ہوئے ایک سے زائد پروڈکٹس استعمال کرتی ہیں تو یہ اندازہ لگانے کیلئے کہ ان میں سے کون سی چیز آپ کیلئے تکلیف کا باعث بن رہی ہے آپ ایک وقت میں صرف ایک چیز استعمال کریں مثلاََ صرف کاجل‘ مسکارا یا آئی لائنر وغیرہ میں سے کوئی ایک چیز باری باری لگائیں اس طرح جس چیز کے لگانے سے آنکھوں میں دوبارہ تکلیف یا خارش محصوص ہو اسے آپ اپنے میک اپ باکس سے باہر کردیں اور دوبارہ استعمال نہ کریں۔
اسی طرح آپ کریم وغیرہ کو بھی چیک کرسکتی ہیں۔
اگر آپ کسی شدید الرجی یا ری ایکشن کا شکار ہوجائیں تو بغیر وقت ضائع کیے کسی مستند ڈرماٹولوجسٹ سے رابطہ کریں تاکہ وہ آپ کو فوری طور پر مناسب ٹریٹمنٹ فراہم کرسکیں ۔ بہتر ہوگا کہ کسی بھی ری ایکشن کی صورت میں خود سے علاج کرنے یا گھریلو ٹوٹکے استعمال کرنے کی کوشش نہ کی جائے کیونکہ اس طرح جلد کے مزید متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

ان مشکلات سے بچنے کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ کچھ مدت بعد آپ اپنی میک اپ کی تمام اشیاء کو ری فریش کرلیا کریں اور بہت زیادہ عرصے تک ایک ہی چیز کو استعمال نہ کریں۔ ڈریسنگ ٹیبل پر صرف وہ چیزیں رکھیں جن کی آپ کو حقیقتاََ روز مرہ کیلئے ضرورت ہو اس کے علاوہ مزید مختلف طرح کی کاسمیٹکس بھی اپ بالک لرکھ سکتی ہیں لیکن آپ کو ان سب کی شیلف لائف معلوم ہونا بہت ضروری ہے۔
ہم سب جانتے ہیں کہ بہت سی خواتین میک اپ کا سامان یا کاسمیٹکس محض پسند آجانے پر خرید لیتی ہیں اور ان کی ڈریسنگ ٹیبل کی دراز میں ایسی بہت ساری چیزں پڑی ہوئی ہوتی ہیں جنہیں انہوں نے یہ کہہ کر خریدا ہوتاہے کہ ان کو کبھی کسی موقع پر استعمال کروں گی اور س کی حقیقت یہ ہوتی ہے کہ وہ اشیاء سال میں شاید 1-2بار ہی استعمال ہوتی ہوں بلکہ ان میں سے اکثر بغیر کسی استعمال کے ہی اپنی مدت پوری کرلیتی ہیں۔

کاسمیٹکس پروڈکٹس خطرناک ہوسکتی ہیں
تمام بیوٹی پروڈکٹس شیلف لائف رکھتی ہیں‘ ایک متعین مدت کے بعد ان کا استعمال نقصان کا باعث ہوتا ہے تو ہوسکتاہے کہ آپ نے جو بلیو یا گرین آئی شیڈ 2سال سے سنبھال کررکھا ہوا ہے کہ اجب اس کا ٹرینڈ آئے گا تو استعمال کروں گی وہ ایکسپائر ہوئے عرصہ گزر چکا ہو اور جب ان کلرز کا ٹرینڈ آئے گا اور آپ اسے استعمال کریں گی تب یہ آپ کیلئے ایک خطرناک آزمائش بن جائیگا ایکسپائرڈ کاسمیٹکس کا استعمال آپ کی سوچ سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیا آپ جانتی ہیں کہ 2سال پرانا مسکارا استعمال کرنے سے آنکھیں شدید انفیکشن کا شکار ہوسکتی ہیں جس سے آپ کی بینائی بھی جاسکتی ہے اور پلکیں جھڑ سکتی ہیں۔

اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نے میک اپ پروڈکٹ کو بہت حفاظت سے اور محفوظ ماحول (یعنی روشنی اور درجہ حرارت کے لحاظ سے موزوں ماحول) میں رکھا ہوا ہے‘ براہ مہربانی اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ یہ اس کے باوجود اپنی مخصوص مدت پوری کرکے ایکسپائر ہوجائیں گی اور قابل استعمال نہیں رہیں گی اور بصورت دیگر ان کے مضراثرات آپ کی جلد اور بالوں کو برداشت کرنے پڑیں گے۔

قانونی طور پر سنگھاری مصنوعات پر ایکسائری ڈیٹ ظاہر کرنے کو ضروری نہیں سمجھا گیا اور کمپنیز کو اس کا پابند نہیں بنایا گیا ہے لہٰذا آپ ہر پروڈکٹ کے لیبل یہ یہ نہیں جان سکتی ہیں کہ یہ کتنے عرصے بعد قابل استعمال نہیں رہیں گی۔ البتہ کچھ کمپنیاں اپنے طور پر اپنی تیار کردہ پروڈکٹس پر مینوفیکچر ڈیٹ اور ایکسپائر ڈیٹ لیبل یا ڈبے پر ضرور دیتی ہیں۔
تاکہ انکے صارفیں ان بیکٹیریا سے بچ سکیں جو کہ ناقابل استعمال ہونے کے بعد ان مصنوعات میں پیدا ہوجاتے ہیں۔ ان تاریخوں کے اندراج کا مقصد بھی دراصل یہی ہوتا ہے کہ پروڈکٹ کا بہتر طور پر استعمال ممکن ہوسکے۔ اگر کسی پروڈکٹ کی استعمال کی معیاد باقی ہو لیکن پھر بھی پروڈکٹ خراب محسوس ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے درست طور پر اسٹور نہیں کیا گیا یا اس کی سیل کھلی رہی ہے جس کی وجہ سے وہ چیز خراب ہوجاتی ہے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین اس حوالے سے باشعور کردار ادا کریں میک اپ کا سامان تیز ٹمپریچر اور سورج کی روشنی براہ راست پڑنے کی وجہ سے بھی خراب ہوجاتا ہے‘ وجہ کچھ بھی ہو جب یہ چیزیں استعمال کے قابل نہ لگیں تو انہیں پھینک دینا چاہیے کیونکہ یہ آپ کی جلد اور بالوں سے زیادہ مہنگی نہیں ہیں۔
تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ جب ہم میک اپ کی کوئی پروڈکٹ خریدتے ہیں تو اس میں انتہائی کم بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں اور جب استعمال کیلئے اس پروڈکٹ کو کھول لیتے ہیں تو اس کے اندر جانے والی ہوا اس میں بیکٹیریا کی تعداد کو بڑھانا شروع کردیتی ہے اور جب کبھی آپ ان اشیاء کو ہاتھ دھوئے بغیر چھوتی ہیں تو مزید بیکٹیریا بنتے ہیں۔

اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ معیاد ختم ہونے کے بعد میک اپ مصنوعات بیکٹیریا سے لڑنے کی صلاحیت کھودیتی ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نے کتنی نفیس پیکنگ میں اور صاف ستھری پروڈکٹ خریدی اور استعمال کی تھی جب یہ اپنی معینہ معیاد پوری کرلیتی ہیں تو یہ قابل استعمال نہیں رہتی ہیں۔ لہٰذا اب سوال یہ ہے یہ آخر کتنے عرصے تک سنگھاری مصنوعات کو استعمال کیا جاسکتاہے اور کیا کوئی ایسا طریقہ کار بھی ہے جس کے ذریعے ان کی شیلف لائف میں اضافہ کیا جاسکتا ہو تاکہ الرجی و انفیکشن کے خطرات سے محفوظ رہا جاسکے؟ یہاں ہم آپ کو ان سوالات کا جواب دینے کی کوشش کریں گے۔

رنگین سنگھاری مصنوعات
پہلی بار استعمال شروع کرنے کے بعد لیوئیڈ فاؤنڈیشن 3-6ماہ تک جبکہ فاؤنڈیشن زیادہ سے زیادہ 4-6ماہ تک استعمال کیا جانا چاہئے جبکہ ٹیوب میں موجود فاؤنڈیشن ان کی نسبت تھوڑا زیادہ عرصے تک قابل استعمال رہتا ہے کیونکہ ان دونوں کی نسبت یہ ہوا اور فضائی آلودگی سے کم متاثر ہوتا ہے لیکن اگر آپ منرل میک اپ استعمال کررہی ہیں تو اس آپ تقریباََ ایک سال تک استعمال کرسکتی ہیں۔

اگر آپ روزانہ بھاری میک اپ نہیں کرتیں تو زیادہ بہتر یہ رہتا ہے کہ ایسی اشیاء کے سیمپل پیک خریدے جائیں تاکہ اس کے ایکسپائر ہونے سے پہلے آپ اسے مکمل طور پر استعمال کرلیں۔ مسکارار استعمال کرتے ہوئے اس کی اسٹک کو پمپ نہ کریں اس طرح مسکارے کی ٹیوب میں ہوا فضائی آلودگی کے ساتھ داخل ہوجاتی ہے اور اس کی کوالٹی کو متاثر کردیتی ہے۔ اس کے علاوہ ہر دوسرے دن ٹشو پیپر سے مسکارا اسٹک اور برش کو صاف کرلینا بہت رہتا ہے یہ احتیاط مسکارے کے لائف ٹائم کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

لپ پنسل اور آئی پنسل کے ایکسپائر ہونے کا عموماََ اس وقت پتا چلتا ہے جب اس کی نوک خشک یا بھربھری ہوکر ٹوٹنے لگتی ہے۔ زیادہ بہتر یہی رہتا ہے کہ پنسل کو روزانہ ہی شارپ کرلیا جائے۔
اسکن کئیر اور باڈی واش پروڈکٹس
فیشل کلینرز اور موئسچرائزر وغیرہ میں مختلف ایسڈز شامل ہوتے ہیں۔ مثلاََ Salicylic Acid, Beta Hydroxyl Acid, Glycolic Acid وغیرہ یہی وجہ ہے کہ یہ زیادہ بڑی شیلف لائف رکھتی ہیں۔
آئی کریم کو ہمیشہ ریفریجریٹر میں رکھنے کی کوشش کریں اس کی ٹھنڈک تھکن کا شکار آنکھوں کیلئے بھی سکون کا باعث ہوگی۔ ان تمام پروڈکٹس کو گرم درجہ حرارت سے دور رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ فیشل ٹونر کو استعمال شروع کرنے کے ایک سال بعد تبدیل کردینا چاہئے لیکن اگر اس میں وٹامن C شامل ہوتو پھر یہ ایک سال مکمل ہونے سے بھی پہلے اپنی تاثیر تبدیل کرسکتا ہے جبکہ باڈی واش یا باتھنگ لوشن 6ماہ سے زیادہ مدت تک استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

تمام طرح کے برش جو کہ جلد کی نگہداشت اور صفائی میں استعمال ہوتے ہیں انہیں ہر روز ساف پانی سے دھونا چاہئے اور ہفتے میں ایک بار صابن اور نیم گرم پانی سے انہیں صاف کرلینا چاہئے۔ کبھی بھی اپنے استعمال کے برش نظر انداز نہ کریں بظاہر یہ چھوٹے سے برش بے حد کا آمد ہوتے ہیں لہٰذا ان کا صاف ستھرا ہونا بے حد ضروری ہے۔
میک اپ اسفنج ہر استعمال کے بعد دھونا ضروری ہے اور اس کے باوجود بھی اسے ایک ماہ سے زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہئے اور تبدیل کردینا چاہئے۔

سنگھاری مصنوعات شیئر نہ کریں
ایکسپائر میک اپ ہونے کے علاوہ انفیکشن ہونے کی دوسری بڑی وجہ میک اپ پروڈکٹس کا دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا ہے یہ میک اپ کے معیار کے متاثر ہونے کے خطے کو بھی بڑھا دیتا ہے۔
ہوسکتا ہے کہ آپ اس بارے میں محتاط ہوں لیکن کسی بھی ڈپارٹمنٹل اسٹور کے کاسمیٹکس سیکشن میں مختلف سنگھاری کمپنیز کی جانب سے موجود ٹیسٹر (Testers) کاسمیٹکس مصنوعات کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے جسے خواتین نہایت ذوق و شوق سے استعمال کررہی ہوتی ہیں۔
کاسمیٹکس سیلز گرلز کے مطابق وہاں موجود چیزوں کو ختم ہونے تک تبدیل نہیں کیا جاتا اس کے علاوہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر کشی پر نظر رکھنا اس حد تک ممکن نہیں ہوتا کہ جب کوئی خاتون بغیر مدد مانگے ان پروڈکٹس کو براہ راست اپنے چہرے پر استعمال کرتی ہیں یا خود ہی براہ راست اپنے ہاتھوں پر لگا کر چیک کرتی ہیں۔
براہ مہربانی اس طرح کے بنے ہوئے میک اپ کاؤنٹر سے بے حد محتاط رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب آپ کوئی پروڈکٹ چیک کررہی ہوں تو پنسل اسی وقت شارپ کی گئی ہو اور شیڈ چیک کرنے کیلئے پہلے سے صاف برش اسی وقت آپ ے استعمال کیے ہوں بصورت دیگر خواہ کتنا ہی ضروری محسوس ہو پروڈکٹس ٹیسٹ نہ کریں۔

یہاں ہم آپ کی سہولت کیلئے مختلف میک اپ پروڈکٹ کے لحاظ سے ایک گائیڈ لائن مہیا کررہے ہیں جو کہ آپ کو یہ جاننے میں مدد دے گی کہ کون سی کاسمیٹک کو کتنا عرصہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
1۔کنسیلر
ویسے تو اس کی شیلف لائف 6-8ماہ تک ہوتی ہے لیکن اسے پہلی بار استعمال کرنے کے بعد زیادہ سے زیاد ایک سال کی مدت کے اندر اندر تبدیل کرلینا چاہئے۔

2۔پاؤڈر پروڈکٹ
میک اپ کا وہ سامان جو کہ پاؤڈر پر مشتمل وہ اس کے استمال کی مدت تقریباََ 2سال تک رہتی ہے لیکن اس کیلئے اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ کھلا ہوا نہ رہے اور اسے استعمال کرتے ہوئے ہمیشہ صاف برش اور پف کا استعمال کریں۔
3۔کریم اور جیل کلینزر
یہ تمام چیزیں آپ پہلی بار استعمال کے بعد تقریباََ 1سال تک استعمال کرسکتی ہیں لیکن انہیں اس دوران نارمل ٹمپریچر پر رکھنا ضروری ہے۔

4۔پنسل آئی لائنر استعمال کرنے سے پہلے روزانہ شارپ کرنا چاہئے۔ اگر آپ اسے کم استعمال کرتی ہیں تو اس کی شیلف لائف 2سال سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے‘ کیک آئی لائنر بھی 2سال کی مدت تک استعمال ہوسکتا ہے جبکہ لیکوئیڈ آئی لائنر پہلی بار استعمال کے 3-6ماہ بعد تبدیل کرلینا چاہئے۔
5۔آئی شیڈز
یہ اگر فضائی آلودگی سے متاثر نہ ہوں تو تقریباََ 3سال تک قابل استعمال رہ سکتے ہیں جبکہ کریم آئی شیڈز تقریباََ ڈیڑھ سال تک استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
بہت سے میک اپ آرٹسٹ آئی لائنر کی جگہ ڈارک کلر کے آئی شیڈز استعمال کرتے ہیں اور اس کے ڈبل اسٹروک لگا کر لائنر کا لک دیتے ہیں۔
لیکن اس کیلئے آ کو ایک انتہائی باریک آئی لائنر برش کی ضرورت ہوگی۔ برش پر ڈارک آئی شیڈ لگائیں (بلیک‘ براؤن جیسے ڈارک شیڈ بہترین تاثر دیتے ہیں) اور آئی لیش لائن کے ساتھ احتیاط اور نفاست سے لگائیں بہتر تاثر کیلئے اسے آئی شیپ تک لاکر چھوڑ دیں۔

6۔اس کے اجزا کو چیک کریں۔ ایک واٹر بیسڈ فاؤنڈیشن تقریباََ 12ماہ تک کار آمد رہتا ہے جبکہ آئل بیسڈ فاؤنڈیشن تقریباََ 18ماہ یا ڈیڑھ سال تک کیلئے قابل استعمال ہے۔
اگر آپ میک اپ کا درست استعمال کرنا چاہیں تو ایک سال میں آپ کو دو مختلف شیڈ کے فاؤنڈیشن استعمال کرنے چاہئیں ایک موسم گرما کیلئے‘ جب آپ کی جلد قدرتی طور پر گہری رنگت کی جانب مائل ہوتی اور دوسرا سردی کے موسم کیلئے جب جلد نہ صرف صاف رنگت کی لگتی ہے بلکہ کسی حد تک خشک بھی ہوسکتی ہے۔
اگر آپ کی واٹر بیسڈ فاؤنڈیشن کریم /لوشن اس کی ایکسپائر ڈیٹ سے پہلے خشک ہوجائے تو اس میں چند قطرے الکوحل شامل کر کے اچھی طرح شیک کرلیں بیس ہموار ہوجائے گی لیکن اس طریقہ کار کو آئل بیسڈ فاؤنڈیشن پر کبھی مت آزمائیں۔ بس اسے استعمال سے قبل آپ کو تھوڑا شیک کرنا ہوگا۔
7۔لپ اسٹک
کچھ بیوٹی ایکسپرٹس کے خیال میں لپ اسٹک 1-2سال تک قابل استعمال رہتی ہے جبکہ کچھ کے خیال میں اسے 4سال سے بھی زیادہ مدت تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔
لیکن اس بات پر سب متفق ہیں کہ اگر اس کی رنگت میں تبدیلی آجائے اس کا ٹیکسچر متاثر لگے یا اس کی مہک تبدیل ہوجائے تو اس کا استعمال روک دینا چاہئے۔ لپ اسٹک خصوصاََ کریمی ٹیکسچر پر مشتمل لپ اسٹک کو ریفریجریٹر میں رکھنا اس کی شیلف لائف کو بڑھاتا ہے۔ جبکہ لپ گلوس ڈیڑھ سے 2سال تک استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس کے بعد اسے تبدیل کردینا چاہئے۔

8مسکارا
یہ بیوٹی پروڈکٹ نہایت جلدی ایکسپائر ہوجاتی ہے اسے پہلے استعمال کے تقریباََ ہر 4-6ماہ بعد تبدیل کردینا چاہئے۔ اگر آپ اتنی جلدی مسکارا تبدیل نہیں کرنا چاہتیں تو اس بات کی احتیاط کریں کہ مسکارا اسٹک کو بار بار پمپ نہ کریں۔ بلکہ ایک باربرش باہر لائیں تو اسے پلکوں پر اپلائی کرلیں پھر بھی اسے ایک سال کے اندر اندر تبدیل کرلیں۔

9۔نیل پالش
نیل پالش عموماََ 1-2سال تک قابل استعمال رہ سکتی ہیں۔ یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ اس کی کوالٹی کیسی ہے اور آپ اس کا استعمال کتنی بار کرتی ہیں اور جب آپ نیل پالش برش سے کلر اپلائی کررہی ہوتی ہیں تو کتنی دیر تک نیل پالش کی بوتل کھلی رہتی ہے۔اگر اس کا ٹیکسچر‘ رنگ یا مہک تبدیل ہوجائے تو اسے پھینک دینا چاہئے۔
10۔بلش آن (بلشر)
بیوٹی ایکسپرٹس کہتے ہیں کہ پاؤڈر بلش آن اور براؤنزر 2سال تک کیلئے کار آمد رہتے ہیں جبکہ کریمی بلش آن ایک سال سے ڈیڑھ سال تک کی مدت تک قابل استعمال رہتا ہے۔ اب آپ اس گائیڈ لائن کے ساتھ محفوظ سنگھاری مصنوعات استعمال کرتے ہوئے بغیر کسی خطرے کے اپنی خوبصورت و دلکشی میں اضافہ کریں۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Singhari Masnoaat Khobsorti Maand Bhi Kar Sakti Hain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.