Sarah Bernhardt - Article No. 1319

Sarah Bernhardt

سارہ برن ہارٹ - تحریر نمبر 1319

اگر کبھی آپ کو فرانس کے دارالحکومت پیرس جانے کا موقع ملے تو وہاں سارہ برن ہارٹ تھیٹر ضرور دیکھئے گا۔ یہ مشہور معروف تھیٹر فرانس کی مشہور اداکارہ سارہ برن ہارٹ کے نام پر قائم کیا گیا ہے جو۔۔۔

جمعہ 2 اکتوبر 2015

اگر کبھی آپ کو فرانس کے دارالحکومت پیرس جانے کا موقع ملے تو وہاں سارہ برن ہارٹ تھیٹر ضرور دیکھئے گا۔ یہ مشہور معروف تھیٹر فرانس کی مشہور اداکارہ سارہ برن ہارٹ کے نام پر قائم کیا گیا ہے جو اپنی زندگی میں غیر ارضی حسن وجمال کی بدولت ڈیوائن سارہ یعنی مقدس سارہ کہلاتی تھی۔
سارہ برن ہارٹ 22اکتوبر 1844 کو پیرس میں پیدا ہوئی۔ اس کی والدہ شاہی حرم میں شامل تھی شاید اسی لئے اس کے باپ کا حتمی نام کسی تذکرے میں نہیں ملتا۔
سارہ نے کانونٹ اور پیرس کنزرویٹوئر میں تعلیم حاصل کی ۔ 1862 میں اس نے ایک مشہور تھیٹر کمپنی میں شامل ہو کر سٹیج کیرئیر کا آغاز کیا لیکن ابتدا اسے قابل ذکر توجہ میسر نہ آسکی اور جلد ہی سارہ نے اس کمپنی کو چھوڑ دیا۔
اس واقعے کے بعد سارہ کچھ عرصے کے لئے پس منظر میں چلی گئی۔

(جاری ہے)

سٹیج ڈراموں میں اسے چھوٹے موٹے رول ملتے رہے لیکن ان میں سے کوئی بھی ایسا نہ تھا جو اسے مطلوبہ شہرت و کامیابی سے ہمکنار کر سکتا ۔


بالآخر 1869 میں فرانکوئس کو پی کی لکھی ہوئی کامیڈی لاپاسانٹ میں سارہ کو وہ کردار مل گیا جو اس کی ضرورت پوری کر سکتا تھا۔ اس ڈرامے کی کامیابی نے سارہ پر شہرت وکامیابی کے در کھول دیئے اور اس کا شمار فرانس کی نمایاں اداکاروٴں میں ہونے لگا۔
اس کے بعد سارہ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اُس نے اُس دور کے مشہور ترین مصنفین کے لکھے ہوئے ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کئے۔
ان مصنفین میں ژاں راسین، ڈون سولا اور وکٹر ہیوگو جیسے نام شامل ہیں۔ ان ڈراموں کی کامیابیوں نے سارہ کو بامِ عروج پر پہنچادیا اور صف اول کی اداکاروٴں میں اس کا نام سر فہرست آگیا۔ یاد رہے کہ یہ وہ دور تھا جب تھیٹرشوبز کا واحد میڈیا تھا اور اس کی اور سے وابستہ فنکاروں کی قدرو وقعت وہی تھی آج کے دور میں فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کی ہوتی ہے۔

1879 میں سارہ نے اپنی تھیٹر کمپنی قائم کر لی اور اس کے ساتھ یورپ اور امریکہ کے طویل وعرض میں اپنی ناموری کے جھنڈے گاڑنے لگی۔ پیرس میں اس نے کئی تھیٹر قائم کئے جن میں سے ایک بعد ازاں سارہ برن ہارٹ تھیٹر کے نام سے مشہور ہوا۔ شیکسپئر کے مشہور ڈرامے ہیملٹ کے فرانسیسی ورژن اور نپولین کے بیٹے کے متعلق لکھے گئے ایک ڈرامے لاایگ لون میں کام کر کے اس نے نقاد حضرات کو یہ کہنے پر مجبور کر دیا کہ سارہ جیسی ادکارہ اس وقت پورے فرانس میں اور کوئی نہیں۔

70 سال کی عمر میں مختلف النوع عوارض کی وجہ سے سارہ کی ایک ٹانگ کاٹ دی گئی لیکن اس کے باجود وہ فنی مصروفیات میں حصہ لیتی رہی۔ پہلی جنگ عظیم میں اس نے محاذِ جنگ پر سپاہیوں کی تفریخ طبع کے لئے ڈرامے کئے۔ 1914 میں اسے لچن آف آنر کار کن منتخب کیا گیا۔
سارہ نے چار کتابیں بھی لکھیں جن میں دو ڈراموں کے علاوہ اداکاری کے فن پر ایک کتاب اور خودنوشت سوانح عمری بھی شامل ہے۔
سارہ اپنی موت تک اداکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی رہی۔ اس نے 26مارچ 1923 کو وفات پائی۔ فرانس میں اس کی فنی خدمات کا اعتراف قومی سطح پر کیا گیا۔

Browse More Famous Artist Ladies of the World

Special Famous Artist Ladies of the World article for women, read "Sarah Bernhardt" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.